لیلک احمد الصفدی : سعودی عرب کی پہلی خاتون وائس چانسلر

سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے ڈاکٹر لیلک الصفدی کو سعودی الیکٹرونک یونیورسٹی کی وائس چانلسر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے

سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے ڈاکٹر لیلک احمد الصفدی کو سعودی الیکٹرونک یونیورسٹی کی وائس چانلسر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح وہ پہلی خاتون ہیں جو سعودی عرب کی ایسی جامعہ کی صدر نشین بننے جا رہی ہیں جہاں طلبہ وطالبات دونوں زیر تعلیم ہیں۔
جمعرات کے روز شاہی فرمان کے ذریعے مملکت کی پانچ جامعات کے نئے سربراہان کے تقرر کی منظوری دی گئی۔ ان میں ڈاکٹر ممدوح بن ثنيان آل سعود کو اسلامی یونیورسٹی، ڈاکٹر محمد الشائع کو الجوف یونیورسٹی، ڈاکٹر یوسف عسیری کو طائف یونیورسٹی اور ڈاکٹر محمد صفحی کو بيشة یونیورسٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر لیلک الصفدی امتیازی تعلیمی قابلیت کی حامل شخصیت ہیں۔ انہوں نے کاروباری ترقی، تجارتی مشاورت اور تزویراتی قیادت کے میدان میں 20 برس سے زیادہ عرصے تک بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ منصوبوں کے انتظامی امور کا بھی بھرپور تجربہ رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر لیلک الصفدی کامیاب عملی کیرئر کا ریکارڈ رکھتی ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)