صحت کے شعبے سے لے کر اقتصادیات تک، ڈپلومیسی سے لے کر سلامتی تک ہر معاملے میں ہمیں خود پر مکمل اعتماد ہے: صدر رجب طیب ایردوان
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی کی حیثیت سے ہم نے آج تک جو بھی حاصل کیا ہے اپنی محنت، ہمت اور کوشش سے حاصل کیا ہے۔
صدر ایردوان نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزارت توانائی و قدرتی وسائل کی “ہائیڈروالیکٹرک پیداواری تنصیبات” کے اجتماعی افتتاح کی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ یہ پاور پلانٹ ترکی کے لئے مہذب ممالک کی صف میں شمولیت کے لئے تختہ زقند کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایک ایسا ملک جس کے پاس بجلی نہ ہو اسے مہذب قرار دیا جانا ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی حیثیت سے ہم نے آج تک کوئی بھی کامیابی بغیر محنت کے حاصل نہیں کی۔ ایک ایسے دور میں کہ جب پوری دنیا اپنے خول میں سمٹ چکی ہے ہم نے وباء کے باوجود سرمایہ کاریوں، پیداوار اور روزگار کی فراہمی سے مثبت سمت میں حرکت کی اور پوری دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ ہم نے وباء کے سامنے ہتھیار نہیں پھینکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے دور میں ترکی نے صحت کی خدمات کے ساتھ ساتھ تقریباً تقریباً ہر شعبے میں سرمایہ کاریوں کو جاری رکھ کے سال 2023 کے اہداف کے حصول کے بارے میں اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر نے صرف منّظم صنعتی علاقوں میں حالیہ 6 ماہ کے دوران 10 بلین لیرا مالیت کی سرمایہ کاریوں سے 583 نئی فیکٹریاں مکمل کر کے پیداوار کے لئے کھول دیں ہیں۔
ترکی کے بارے میں یورپی یونین کے روّیے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین میں بعض ممالک ترکی کے لئے دوہرے معیاروں کا اطلاق کر رہے ہیں۔ ان ممالک کو اصل میں خود شفافیت کا مسئلہ درپیش ہے اور ترکی کے بارے میں ان کے موقف کے پس پردہ کارفرما ان کی نیت کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے سے لے کر اقتصادیات تک، ڈپلومیسی سے لے کر سلامتی تک ہر موضوع میں ہمیں خود پر مکمل اعتماد ہے۔