شامی حکومت کے ٹھکانوں پر اسرائیلی ہیلی کاپٹروں کا حملہ

اسرائیل نے ایک بار پھر شام میں مختلف ٹھکانوں کو بم باری کا نشانہ بنایا ہے۔ شامی حکومت کے میڈیا نے جمعہ کی شب بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ملک کے جنوب مغرب میں واقع القنیطرہ صوبے میں ۳؍ مقامات پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملے کئے

دمشق: (ایجنسی) اسرائیل نے ایک بار پھر شام میں مختلف ٹھکانوں کو بم باری کا نشانہ بنایا ہے۔ شامی حکومت کے میڈیا نے جمعہ کی شب بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ملک کے جنوب مغرب میں واقع القنیطرہ صوبے میں ۳؍ مقامات پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملے کئے۔ اس کے نتیجے میں دو افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے اور بعض جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ادھر اسرائیلی فوج نے واضح کیا ہےکہ ’’ جنگی ہیلی کاپٹروں نے جنوبی شام میں بشار الاسد کی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ یہ کارروائی جمعہ کے روز سابقہ اوقات میں گولان کی پہاڑیوں کی سمت ہونے والی فائرنگ کے جواب میں کی گئی ہے ۔ حملوں میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ان میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کے وسائل اور نگرانی کے مقامات شامل ہیں۔‘‘اس سے قبل جمعہ کو اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ مقبوضہ گولان کے علاقے میں سرحدی باڑ کی دوسری جانب شامی حصے میں دھماکے سنے گئے۔ اس کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب گاڑیوں اور ایک شہری عمارت کو نقصان پہنچا۔ فوج کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ شام کے اندر سے اسرائیلی ٹھکانوں پر حملے کی کوشش تھی۔دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے جمعہ کی شب زور دار دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔ المرصد کے مطابق یہ دھماکے اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے سے القنیطرہ میں بشار الاسد حکومت کے ٹھکانوں پر کئے گئے۔