بیٹی بچانے کے سبھی نعرے کھوکھلے، پولیس کی کاروائی غیر اطمینان بخش: پاپولر فرنٹ آف انڈیا

دربھنگہ: (پریس ریلیز) بہار کے ویشالی ضلع کے “مہنار” تھانہ کے تحت آنے والے “کھرجماں” گاؤں سے ایک نابالغ بچی کو زبردستی اغوا کرکےاس کا قتل کردیا گیا،اور قاتل ابھی تک آزاد گھوم رہے ہیں،صوبہ میں آئے دن اس طرح کے واقعات نے زور پکڑ لیاہے،پولیس کا مجرموں کے تئیں رویہ غیر اطمینان بخش ہے، متاثرہ خاندان خوف و دہشت میں ہے۔

گزشتہ روز پاپولر فرنٹ ویشالی اکائی کی ایک ٹیم نے حادثہ کے مقام کا دورہ کیا، متاثرہ خاندان کو تشفی دے کر ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ ٹیم نے مہنار تھانے کا بھی دورہ کیا ، تھانے میں موجود پولیس افسروں نے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی بات کہی، تاہم ابھی تک کی پولیس کاروائی پر کئ سوالات کھڑے کرتی ہیں۔
پاپولر فرنٹ کے متھلا زون کے صدر ڈاکٹر محبوب رحمانی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایک ہفتہ قبل گاؤں ہی کے امن کمار اور اس کے ساتھ دیگر مجرم اسلحہ کے زور پر نابالغ بچی کو اٹھالے جاتے ہیں،اس کے عصمت دری کے بعد قتل کرکے لاش گاؤں کے ہی کنویں میں پھینک دیتے ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے کافی جدوجہد کے بعد پولیس ایف آئی آر تو درج کرتی ہے لیکن مجرمین ابھی تک گرفت سے باہر ہیں۔
بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاو کا نعرہ دینے والی نتیش سرکار کے تمام دعوے اور نعرے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ مجرم امن کمار عرف شالو سنگھ بجرنگ دل کا ضلع کنوینر ہے جسے بی جے پی کے مقامی نیتا اور انتظامیہ کا تحفظ فراہم ہے۔ ایسے میں نابالغ بچی اور اس کے اہل خانہ کو انصاف مل پانا دشوار اور مشکل نظر آرہا ہے ۔ پاپولر فرنٹ متاثرہ خاندان کا ہر قدم پر ساتھ دےگا، اور مجرموں کو سزا دلانے کی مکمل جدوجہدکرے گا، پاپولر فرنٹ انتظامیہ سے ایسے مجرموں کی جلد سے جلد گرفتاری کی اور انہیں سخت سے سخت سزا دیئے جانے کا مانگ کرتی ہے۔ اگر جلد پولس مجرموں کو گرفتار کرکے سزا نہیں دلاتی ہے تو پاپولر فرنٹ پورے بہار میں احتجاجی مہم چلائے گی ۔