’شہدائے کربلا کی قربانی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ‘ آزاد مارکیٹ کے نواب گنج میں منعقد پروگرام سے رئیس خان پٹھان کااظہارخیال

نئی دہلی،(نامہ نگار): سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی یوم عاشورہ کی مناسبت سے نواب گنج آزاد مارکیٹ میں عبد المتین (مرحوم) کی رہائشگاہ پر ایک محفل منعقد کی گئی ، جس میں مہمان خصوصی کے طورپر مرکزی وقف کو نسل کے سرگرم رُکن رئیس خان پٹھان نے شر کت کی ۔ قبل ازیں تقریب کے روح رواںحافظ محمد دانش متین نے مہمانان کااستقبا ل کیا ۔ اس موقع پررئیس خان پٹھان نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیااور کہاکہ امام حسین ؑکسی خاص طبقے یا مذہب کے نہیں بلکہ انسانیت کی میراث ہیں۔انہوںنے بابائے قوم مہاتما گاندھی، نیلسن منڈیلا جیسی عظیم شخصیات کی امام حسین سے عقیدت کا بھی ذکر کیا۔رئیس خان نے مزید کہاکہ موجودہ وقت میں امت مسلمہ کے لےے شہدائے کربلا کی قربانی امت مسلمہ کے لےے مشعل راہ ہے،ضروری ہے کہ نئی نسل کو اہلبیت واطہار کا تعارف کرایا جائے ، بالخصوص اسلام تاریخ سے واقف کرانا اشد ضروری ہے ۔ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ آج جو بھی بگاڑ معاشرہ میں پیدا ہورہا ہے ، وہ سب ہمارے برے فعل کا نتیجہ ہے ،ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو قرآن وحدیث سے وابستہ کیا جائے نیزاپنے بچوں کی علمائے دین کی صحبت میں رکھا جائے۔آخر میںسوشل ایکٹیوسٹ محمد غفران آفریدی نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دئے ۔اہم شرکا میںسماجی خدمتگار عبدالواسع، سماجی کارکن امین الدین نظامی ،محمد معصوم ، محمد انیس احمد،حافظ احمرودیگر کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں ۔

SHARE