اساتذۂ مدارس کے حالات کو لیکر ایک میٹنگ کا انعقاد

نئی دہلی: دہلی کے مختلف اداروں و مساجد اور تنظیم سے منسلک علماء کے ذریعہ للتا پارک ، لچھمی نگر میں ایک میٹنگ زیر صدارت مولانا عبد السبحان قاسمی ناظم مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن نبی کریم پہاڑ گنج و صدر جمعیۃ علماء ضلع چاندنی چوک دہلی منعقد ہوئی،
میٹنگ میں مدارس اسلامیہ و اساتذہ مدارس کو موجودہ حالات میں کن کن پریشانیوں و دشواریوں کا سامنا ہے ان پر کافی غور و خوض کیا گیا ۔
مدارس کے اساتذہ کئی ماہ کی تنخواہ نہ مل پانے کی وجہ سے بے حد دشواریوں و فاقہ کشی کی دہلیز پر جاپہونچے ہیں
مولانا عبد السبحان قاسمی نے نہایت بے چینی تکلیف و غمگین ہوکر بتایا کہ سینکڑوں اساتذہ کی تفصیلات ہمارے سامنے موجود ہیں ، جو گھریلو حالات و تنگ دستی کے سبب مایوسی والی کیفیات میں مبتلاء ہوچکے ہیں یہ سخت تشویشناک صورت حال ہے اور ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔
مولانا محمد جاوید صدیقی قاسمی صدر مجلس تحفظ شریعت اسلامی ہند نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ متأثر اساتذۂ مدارس و مکاتب کا طبقہ ہے ۔
اس موقع پر مفتی عبد الواحد قاسمی صدر ولی الہی دار الافتاء دہلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ‘ماہ رمضان المبارک کے پہلے سے ہی سخت لاک ڈاؤن لاگو تھا کاروبار، ادارے سب بند تھے، ماہ مبارک میں کوئی آمد نہ ہوسکی، ہر سال ماہ مبارک کی آمد سے ، سال کے اخراجات کافی حد تک پورے ہوجاتے تھے، لیکن افسوس یہ سب سلسلے بالکل بند رہے۔
اس موقع پر مولانا مفتی ڈاکٹر پروفیسر آصف اقبال قاسمی نے اہل خیر حضرات اپیل کی کہ مدارس کے قیام و استحکام اور اساتذہ کے حوصلوں کو برقرار و مضبوط رکھنے کے لئے اپنے اپنے علاقے و حلقے میں ضرورت مند اساتذہ کی خبر گیری کریں اور ان کی ضروریات کی تکمیل سے قطعاً بے توجہی نہ برتیں ۔
آج کی میٹنگ میں طے پایا کہ انشاءاللہ جلد ہی علماء و اساتذہ مدارس کے تعلق سے ایک اہم پروگرام (میٹنگ) دہلی میں بعنوان ” اساتذہ مدارس . چیلنج اور حل ” کا انعقاد کیا جائے گا ۔
میٹنگ میں شامل ہونے والوں میں قاری قیام الدین نبی کریم، مفتی عبد الرحمن، قاری یوسف قابل ذکر ہیں ۔