عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ،ہائی کورٹ نے صرف مخصوص مقام پر دی دھرنے کی اجازت

اسلام آباد
ملت ٹائمز۔ایجنسیاں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں مختص جگہ پر دھرنے کی اجازت دے دی ہے۔اسلام آباد کی بندش کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ تحریک انصاف دھرنے کے لئے مختص مقام (ڈیمو کریسی پارک )میں جتنے دن چاہے بیٹھ سکتی ہے ,اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عوام کی تعداد زیادہ ہوتو ایکپریس وے پر دھرنادے سکتے ہیں تاہم اس پارک کے علاوہ کسی اور جگہ احتجاج نہیں کرسکتے۔سماعت کے موقع پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ میرے دل میں عمران خان کے لیے محبت یا نفرت نہیں ،احترام کارشتہ ہے، عمران خان عدالتوں کا احترام کرنا سیکھیں۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کہا جا رہا ہے کہ اوئے جسٹس شوکت عزیز، تمہارے آرڈرکیساتھ کیا ہورہا ہے،کیا عمران خان قانون سے بالاتر ہیں؟جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مزید کہا کہ انہوں نے چیمبر میں بات کی، عمران خان نے اے بھی غلط رنگ دیا،عمران خان نے کہا کہ ان کی جج سے بات ہو گئی ہے۔عدالت نے تحریک انصاف کو مختص مقام پر احتحاج اور دھرنے کی اجازت دیتے ہوئے اس حوالے سے دائر تمام درخواستیں نمٹا دیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصا ف کے وکیل بابر اعوان نے حکومتی اقدامات کر کڑی نکتہ چینی کی۔ان کا کہنا تھا کہ شریفستان نے پورے ملک کو کنٹینرستان بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدالتی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔(بشکریہ روزنامہ پاکستان)

SHARE