شمالی نائجیریاایران اور سعودی عرب کی بالادستی کا تازہ ترین میدان جنگ

ابوجا،نائیجیریا
ملت ٹائمز
شمالی نائجیریا سعودی عرب اور ایران کی پراکسی جنگ کا تازہ ترین میدان بن گیا ہے۔ اس علاقے میں ان دو ممالک کے حامیوں کے درمیان شدید جھڑپیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام لگایا ہے کہ نائجیریا میں ملکی فوج نے ساڑھے تین سو سے زائد مقامی شیعہ مسلمانوں کو فائرنگ کر کے عمداقتل کیا اور بعد ازاں انہیں اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا۔گزشتہ ماہ عاشورہ کے موقع پر شمالی نائجیریا کے چار شہروں میں آئی ایم این کی مجالس پر عزالہ کی جانب سے حملے کیے گئے تھے۔ ان حملوں میں آئی ایم این کے کم از کم دو کارکن ہلاک بھی ہو ئے تھے۔ عزالہ کے گڑھ کادونا میں کئی روز تر شدید لڑائی جاری رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق مشتعل سنی ہجوم دو روز تک لوٹ مار کرتے رہے اور مزید شعیہ نہیں چاہیے کے نعرے بلند کرتے رہے۔
مسلم اکثریتی ملک نائجیریا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خاص طور پر کادونا میں صورت حال انتہائی خراب ہے۔ علاقے کی حکومت آئی ایم این کو سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے غیر قانونی تنظیم قرار دے چکی ہے۔زاریہ شہر میں گزشتہ برس دسمبر کے مہینے میں جھڑپیں ہوئی تھیں، جس میں حکومتی فوجیوں نے آئی ایم این کے تیس سو کارکنوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
دسمبر کے واقعات اور حالیہ جھڑپوں کو ماہرین شمالی نائجیریا میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان پراکسی وار یا اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی خاطر شیعہ اور سنی تنظیموں کو اپنے مفاد میں استعمال کرنے کی جنگ قرار دے رہے ہیں۔ لبنان، یمن اور شام میں یہ پراکسی وار کافی عرصے سے دیکھی جا رہی ہے، اور اب یہ کشمکش نائجیریا میں بھی نمایاں ہو رہی ہے۔
زاریہ کی یونی ورسٹی سے وابستہ سیاسی امور کے ماہو ابوبکر صادق محمد کا اس حوالے سے کہنا ہے، یہ حقیقت ہے کہ سعودی عرب کئی ممالک میں شیعہ شکن تحریکوں کی معاونت کر رہا ہے۔ اگر نائجیریا میں شیعہ مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ظاہر ہے تہران ان کی امداد کرے گا اور ریاض اس کے برعکس کارروائی کرے گا۔
مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے کئی ممالک کے علاوہ جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے مسلم اکثریتی ملکوں میں ایران اور سعودی عرب کے اثر و رسوخ کی جنگ جاری ہے۔ پاکستان بھی کئی دہائیوں سے اس صورت حال کا شکار ہے۔(بشکریہ ڈی ڈبلیو)