نئی دہلی: (پریس ریلیز) مسلم تنظیموں کے وفاق آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے کسانوں کی طرف سے جاری تحریک اور کل ہند مکمل بند کی حمایت کر تے ہوئے زرعی قوانین کو کسانوں کے مفاد اور ہندستانی زرعی نظام کے خلاف قرار دیا ہے ، انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کچھ صنعتی گھرانوں اور با اثر سرمایہ داروں کے دباﺅاور ان کے مفاد و ترقی کے لیے کام کر رہی ہے ، صد مشاورت نے مطالبہ کیا کہ ایم ایس پی کو قانونی درجہ دیا جائے تاکہ کو ئی بھی کم قیمت میں سامان فروخت نہ کر سکے ۔ انھوں نے اسے متصادم و متضاد رویہ قرار دیا کہ ایک طرف وزیر اعظم کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ بنائے زرعی قوانین کو واپس نہیں لیا جائے تو دوسری طرف معاملے کو طول دینے کے لیے کسانوں سے بات چیت کا سلسلہ چلایا جارہا ہے ۔حالاں کہ پانچ دور کی سرکار اور کسانوں کی بات چیت ناکام ہوچکی ہے۔صد ر مشاورت نے کسانوں کی طرف سے بھارت مکمل بند کی پر زور حمایت کر تے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زرعی قوانین کو کسانوں کے مفاد کے موافق بنائے ۔