پاکستان کے مشہور مذہبی رہنما مولانا طارق جمیل اور شوبز کی دنیا کی اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان دونوں شخصیات کے پرستار ان کی صحت یابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔
مشہور مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ”گزشتہ کچھ ایام سے طبعیت ناساز تھی، ٹیسٹ کروانے پر کورونا پازیٹو آیا ہے، اطبّاء کے مشورے سے ہسپتال داخل ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔‘‘ اس کے بعد پاکستان کی متعدد مشہور شخصیات نے مولانا طارق جمیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان شخصیات میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔ ان کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ وہ مولانا طارق جمیل کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
مولانا طارق جمیل کی کوروناء (COVID-19) سے جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعاگو ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 14, 2020
دوسری جانب پاکستان کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے بھی سوشل میڈیا پر ہی بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ قرنطینہ میں جا رہی ہیں اور انہوں نے ان سب افراد کو بھی مطلع کر دیا ہے، جن سے گزشتہ چند ایام کے دوران ان کی ملاقات رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سب کچھ جلد ٹھیک ہو جائے گا۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ماہرہ خان نے سب کو ماسک پہننے کی تلقین کی اور ساتھ ہی اپنے پرستاروں سے کہا کہ وہ انہیں اچھی فلمیں بھی تجویز کر سکتے ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان کی بھی پاکستان میں بہت بڑی فین فالوونگ ہے اور ان کے چاہنے والے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔