انڈونیشیا: سلاویسی جزیرے پر زلزلے سے زبردست تباہی، 34 افراد اب تک جاں بحق، 600 سے زائد شدید زخمی، 200 کی حالت نازک

طاقت ور زلزلے سے کم از کم 34 افراد کے ہلاک اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ 

انڈونیشیا کے جزیرہ سلاویسی میں جمعہ 15 جنوری کی علی الصبح زبردست زلزلہ آنے سے اب تک کم از کم 34 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریختر پیمانے پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو درج کی گئی۔ زلزلے کا مرکز جزیرے کے ماجین شہر سے شمال مشرق میں چھ کلومیٹر دور اور زمین میں 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں تقریبا چھ سو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو سو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ دو ہزار سے بھی زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
ملک کی ‘نیشنل ڈیزاسٹر میٹیگیشن ایجنسی’ نے تصدیق کی ہے کہ جزیرے پر ایک ہوٹل سمیت بہت سی عمارتیں زلزلے کے جھٹکوں سے گر کر پوری طرح تباہ ہوگئیں۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد ہزاروں افراد گھبراکر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے متعدد ویڈیوز میں بہت سے لوگوں کو ملبے کے نیچے دبے ہوئے اور بہت سے دیگر کو جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔