دربھنگہ: دھے پورہ کالج گیٹ اونسی زیرو مائل دربھنگہ روڈ مدھوبنی میں فیملی کیئر اسپتال کا قیام عمل میں آیا ہے۔ اطلاع کے مطابق 10؍جنوری کو مولانا محمد حارث صاحب (ڈائریکٹر المدنی اسکول جھنجھنوں) کی دعاؤں اور ڈاکٹر ارشد علی ( ایم بی بی ایس،ایم ڈی) کے ہاتھوں فیتہ کاٹ کر افتتاح عمل میں آیا۔اس علاقے میں اس طرح کے اسپتال کی شدید ضرورت تھی ، ادھر ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو دربھنگہ کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے کافی پریشانی لاحق ہوتی تھی، اب اس اسپتال کے قیام کے بعد ان شاء ا للہ ان کی پریشانیاں دور ہوجائیں گی۔ ڈاکٹر دانش نے نمائندہ کو بتایا کہ اس اسپتال میں اسپیشل کنسلٹیشن کےساتھ، نومولود، بڑے، چھوٹے، اور ہر عمر کے مریضوں کےلیے ایڈمٹ کی سہولیات بھی ہیں، جنرل وارڈ، اسپیشل روم، آئی سی یو، ای سی جی، آکسیجن، نیبولائزیشن، کیسولیٹی اور ہر طرح کے آپریشن کے علاوہ دیگر کئی اہم سہولیات میسر ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر دانش دربھنگہ ضلع کے نگرڈیہہ گائوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اور ممبئی کے مشہور اسپتال صابو صدیق میں بھی انہوں نے خدمات انجام دی ہیں ۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں اس اسپتال کا قیام عمل میں لایا ہے جو لائق تحسین ہے۔ افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر ایاز عالم، ڈاکٹر ذکاء الہدیٰ ، ڈاکٹر مشکور عثمانی، (سابق طلبہ لیڈر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) ، حکیم ساجد قاسمی، ڈاکٹر کلیم اختر، ڈاکٹر شاہنواز، ڈاکٹر ابوتراب، عبدالمنان صاحب (کیوٹی) محمد ارشاد عالم (لایف میڈیکل) سمیت بڑی تعداد میں علاقے کی اہم شخصیات موجود تھے جنہوں نے ڈاکٹر دانش اور ڈاکٹر خورشید کو مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔