اسپیشل سیل کی ٹیم نے منگل کی رات کو لال قلعہ کیس میں مفرور اقبال سنگھ کو پنجاب کے ہوشیار پور سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اقبال کی گرفتاری پر 50 ہزار روپے کا انعام رکھا تھا۔
نئی دہلی: دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران لال قلعہ میں ہنگامہ کرنے کے ایک اور ملزم اقبال سنگھ کو گرفتار کرلیا۔ سیل کے ایک سینیئر افسر نے بدھ کے روز بتایا کہ ناردرن رینج کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے منگل کی رات کو لال قلعہ کیس میں مفرور اقبال سنگھ کو پنجاب کے ہوشیار پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے اقبال کی گرفتاری پر 50 ہزار روپے کا انعام رکھا تھا۔ ہنگامہ آرائی کے معاملہ میں ملوث دیپ سدھو کو پولیس نے پیر کی شب ہریانہ کے کرنال سے گرفتار کیا۔
گزشتہ ہفتہ پولیس نے دیپ سدھو، جوگراج سنگھ ، گرجوت سنگھ اور گرجنت سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس نے ججبیر سنگھ ، بوٹا سنگھ ، سکھ دیو سنگھ اور اقبال سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو 50000 روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
خیال ر ہے 26 جنوری کو کسانوں کی تنظیموں نے مرکز کے تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے کی حمایت میں ٹریکٹر پریڈ کی تھی۔ اس دوران ان کی پولیس سے پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور کچھ مظاہرین لال قلعہ کی فصیل تک پہنچ گئے۔ انہوں نے لال قلعہ کی فصیل پر کسان تنظیموں اور مذہبی جھنڈے لگا دیئے تھے۔