بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہری کے مکان کی مسماری

مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج نے منگل کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں جبل المکبر کے مقام پر ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کا مکان مسمار کردیا۔ ادھر مسجد اقصیٰ کے جنوبی ٹائون سلوان میں راس کبسہ کے مقام پر ایک زیرتعمیر عمارت اور ایک دیوار مسمار کردی۔

بیت المقدس کے مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ منگل کو اسرائیلی فوج نے بھاری مشینری کے ساتھ جبل المکبر میں دیر السنہ کے مقام پر چھاپہ مارا۔ قابض فوج نے ایک فلسطینی خاندان کی اراضی کے گرد لگائی خار دار تار کاٹ ڈالی۔

خیال رہے کہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کے لیے گھروں کی تعمیر پرپابندیوں‌کے ساتھ ساتھ صہیونی ریاست کی طرف سے ان کے گھروں کی مسماریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر ایک دوسرے سیاق میں اسرائیلی فوج نے 40 سالہ جہاد حسن ابو رموز کا عارضی مکان بھی مسمار کردیا۔ ایک ماہ قبل قابض فوج نے ابو مروز کا مکان مسمار کر دیا تھا۔

ابو رموز اور اس کے خاندان کے 4 افراد اس میں‌ مقیم تھے اور یہ مکان 90 مربع میٹر پر تعمیر کیا گیا تھا۔