مولانا مدنی نے چلڈرن ولیج انجار کی شیخ مریم کا نکاح پڑھایا اور دعائیں دیں اور میڈیا سے کہا کہ جہیز کی مانگ کرنے والے ڈاکو کی صفت رکھتے ہیں۔
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اپنے خطاب میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خاص طور سے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے مستقبل کی ضمانت ہیں، اگر وہ بن گئے تو قوم بن جائے گی اور اگر وہ بگڑ گئے تو قوم بگڑ جائے گی۔ مالدار بننا کمال نہیں ہے، بلکہ انسان بننا کمال ہے، ایسا انسان جس کے اندر ایمانداری اور سچائی کی صفت ہو اور وہ جھوٹ سے متنفر ہو۔ مولانا مدنی نے یہ باتیں جمعیۃ چلڈرن ولیج جمعیۃ علماء ہند میں پرورش پانے والی شیخ مریم کی نکاح تقریب میں کہی: یہ وہ مریم ہے جو 14/گھنٹے کی عمر میں بے سہارا کہیں پڑی پائی گئی، جمعیۃ علماء کے کارکنان نے جب اس کو دیکھا تو اسے گودلے لیا، وہ تب سے جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار میں پرورش پارہی ہے۔ مولانا محمود مدنی،اس بچی کے نکاح میں خاص طور سے دہلی سے انجار آئے تھے، مولانا مدنی نے نکاح پڑھایا اور دعاء کرائی۔ اس بچی کی پرورش، تعلیم اور اب نکاح کی مکمل ذمہ داری جمعیۃ علما ء ہند نے ادا کی۔واضح ہوکہ جمعیۃ علماء ہند کا یہ چلڈرن ولیج کئی ایسے بے سہارا بچوں اور بچیوں کا مرکز رہا ہے جن کے والدین ورشتہ دار،گجرات کے قیامت خیز زلزلہ میں شہید ہو گئے تھے اور جب ان کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا تو اللہ کی عنایت سے چلڈرن ولیج ان کا گھر بناجہاں ان کی پرورش اورتعلیم و تربیت ہوئی اور جہاں مرد خدا حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ ومولانا محمود اسعد مدنی ان کے سروں کا سایہ بنے۔
اس موقع پر مولانا مدنی نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کچھ۔ بھج کے لوگوں کی چند خصوصیات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ شرافت، خود داری اور ایمانداری یہاں کے رہنے والوں کا امتیاز ہے، اگر اس کے ساتھ علم کی دولت کی میسر ہوجائے تو چار چاند لگ جائے گا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں یہ بہت ضروری ہے کہ محاسبہ ہوتے رہنا چا ہیے کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا اور ہم سے کہاں کمی رہ گئی۔ مولانا مدنی نے اجرک پور کے لوگوں کی تعریف کی اور کہا کہ دوسری قوم کے لوگ بھی یہاں کے مسلمانوں کی دیانت اور عہد داری کی تعریف کرتے ہیں، یہ ایسی صفات ہیں کہ جن سے انسان دنیا میں قیمتی ہو تاہے، ہمیں اپنی نسل کو قیمتی بنانا ہے۔ہماری ذمہ داری حالات بدلنا نہیں بلکہ کوشش کرنا ہے، باقی اللہ کا فضل و کرم ضرور ہو گا۔مولانا مدنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہیز مانگنے والوں کو ڈاکو کہا اور کہا کہ سماج کو اس کا جلد محاسبہ کرنا ہے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی رفاہی خدمات اور جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی، ان کے علاوہ مرکزی دفتر جمعیۃ علما ء ہند سے مولانا یٰسین جہازی، مولانا ابوالحسن پالن پوری شریک ہوئے۔اس تقریب میں دور دور سے علاقے کے کئی ذمہ دار افراد شریک ہوئے، قرآن مجید کی تلاوت محمد سعد نے کی اور نعت شریف محمد محمود نے پیش کی ۔