امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی کی صحت کے لئے خصوصی دعاؤں کی اپیل

پٹنہ: (پریس ریلیز) مفکراسلام امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب مدظلہ العالی اس وقت علیل ہیں، اور پٹنہ راجا بازار کے پارس ایچ ایم آر آئی اسپتال میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں ۔
وہ شخصیت جنہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی لمحہ قوم و ملت کی خیر خواہی میں صرف کیا آج ان کی زندگی سخت خطرے میں ہے، پٹنہ راجا بازار کے پارس ایچ ایم آر آئی اسپتال میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، ائمہ مساجد، علماء سے خصوصی گذارش کی جاتی ہے کہ پانچوں نمازوں کے علاوہ قبولیت کے مخصوص اوقات میں حضرت امیر شریعت کی صحت کے لئے خصوصی دعافرمائیں۔ ان کیلئے صدقات و خیرات،تلاوت تسبیحات اور دعاء یونس کا اہتمام کریں۔ حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم کی علالت کی خبر سے پورے ملک کے مسلمانوں میں بے چینی ہے، ہرجگہ دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے، حضرت امیر شریعت کی شخصیت امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نعمت ہے، حضرت کی نگرانی و سرپرستی میں امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، رحمانی فاؤنڈیشن ، رحمانی ۳۰، جامعہ رحمانی و دیگر سیکڑوں ادارے مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، موجودہ وقت میں جب کہ ہندوستانی مسلمان مختلف مسائل سے پریشان ہیں، حضرت امیر شریعت کا بیمار پڑنا مسلمانوں کے لئے سخت تشویش کا باعث ہے، اس لئے تمام عوام و خواص حضرت امیر شریعت مدظلہ العالی کی جلد صحت یابی کے لئے دعاء فرمائیں ۔