نئی دہلی: ( ملت ٹائمز) آسام کی جنیا ودھان سبھا سیٹ سے آل انڈیا یونائٹیڈڈیموکریٹک فرنٹ کے امیدوار حافظ رفیق الاسلام نے ایک لاکھ 19 ہزارووٹوں کے فرق سے شاندار جیت حاصل کی ہے ۔ حافظ رفیق الاسلام کا مقابلہ یہاں بی جے پی کے امیدوار شاہد الاسلام سے تھا ۔ رفیق الاسلام صاحب نے کل 127304 ووٹ حاصل کیا جوکل ووٹ کا 87 فیصد ہے جبکہ ان کے مخالف امیدوار شاہد الاسلام کو صرف 8289 ووٹ ملا جو صرف 4 فیصد ہے ۔تیسرے نمبر پر یہاں اشرف الحسن رہے جنہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے تین ہزار ووٹ حاصل کیا ۔یہاں سے کل 13 امیداور میدان میں تھے اور کل ایک لاکھ 46 ہزار567 لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جس میں 551 لوگوں نے نوٹا کا بٹن بھی دبایا ۔
حافظ رفیق الاسلام آل انڈیا یونائٹیڈڈیموکریٹک کے ٹکٹ پر اس سے پہلے دو مرتبہ ایم ایل اے کا انتخاب جیت چکے ہیں ۔ 2019 میں بار پیٹا سے یو ڈی ایف کے ٹکٹ پر وہ لوک سبھا کے بھی امیدور تھے جس میں کانگریس کے عبد الخالق نے جیت حاصل کی ۔ حافظ رفیق الاسلام پارٹی کے قومی ترجمان اور پارٹی سپریمو مولانا بدر الدین اجمل کے قریبی مانے جاتے ہیں ۔آسام اسمبلی میں وہ عوامی مسائل پر بیباکی کے ساتھ تقریر کرتے ہیں ،تمام ایشوز پر بحث کرتے ہیں اور اس وجہ سے انہیں عوام میں اچھی خاصی مقبولیت حاصل ہے ۔ حافظ رفیق الاسلام دارالعلوم دیوبند کے فارغ ہیں ۔ مرکزالمعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی سے انہوں نے انگریزی زبان وادب کی تعلیم حاصل کی تھی اورگوہاٹی یونیورسیٹی سے ایم کیا اور آسام کے ایک کالج میں وہ لیکچرار بھی رہے ہیں ۔