صدر رجب طیب ایردوان کا مسجد اقصی پر اسرائیلی حملے کے خلاف ردعمل

انقرہ : ظالم، بے اصول اور دہشت گرد ریاست اسرائیل القدس میں ان مسلمانوں پر بہیمانہ حملے کر رہی ہے جن کا واحد مقصد اپنے عقیدے اور ہزاروں سال پرانے اپنے گھروں اور زمینوں کی حفاظت کرنا ہے۔ جو بھی خاموش ہے یا پھسپھسے مؤقف کا حامل ہے، وہ اسرائیل کی حمایت کرتا ہے۔
ترکی نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت متعلقہ عالمی اداروں کو متحرک کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ یکجہتی کے عالمی نظام کو 5 ویٹو ممالک کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ سلامتی کونسل اگر فوری طور پر ظلم نہیں رکواتی تو یہ 5 ممالک کے ٹیڑھ پن میں شریک ہونا ہوگا۔
کسی کو یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ القدس پوری دنیا ہے، اور وہاں کے مسلمان کل انسانیت ہیں۔ دنیا اگر القدس اور مسلمانوں کی حفاظت نہیں کرتی تو وہ اپنے آپ سے غداری کرے گی۔ بطور ترکی ہم مکمل عزم کے ساتھ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تمام دنیا بالخصوص اسلامی ممالک کو اسرائیل کے مسجد اقصٰی، القدس اور فلسطینیوں کے گھروں پر ہونے والے حملوں کے خلاف عملی طور میدان میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔