اسرائیلی بمباری میں ماں اور تین بھائیوں کو کھو دینے والا شیر خوار معجزانہ طور پر محفوظ

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک مقامی شہری کی بیوی اور تین بچے شہید ہوگئے جب کہ اس کا ایک شیرخوار بچہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا
غزہ پٹی: فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں ہر طرف دکھ اور صدمے کی کیفیت ہے اور ہر آنے والا لمحہ تباہی کی نئی داستانیں سناتا ہے۔ ان صدموں میں‌ سنیچر کے روز ایک نیا اضافہ اس وقت ہوا جب قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک مقامی شہری کی بیوی اور تین بچے شہید ہوگئے جب کہ اس کا ایک شیرخوار بچہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ اسرائیلی طیاروں کی الشاطی نامی پناہ گزین کیمپ کے رہائشی الغزاوی محمد الحدیدی گھر پر بمباری میں بیوی اور تین بچے شہید ہو گئے۔ اسے اپنے زندہ بچ جانے والے شیر خوار کو اٹھائے صدمے سے نڈھال دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی کیمپ پر سنیچر کے روز اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں ابو الحطب خاندان کے 8 بچوں اور دو خواتین سمیت 10 افراد شہید ہو گئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور خواتین کی مکفون لاشیں ایک قطار میں رکھی دکھائی جا رہی ہیں جبکہ ایک دوسرے منظر میں ان کے اقارب کو صدمے سے نڈھال دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے اور اب تک ڈیڑھ سو کے قریب نہتے فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔