غزہ پر اسرائیلی حملے جاری،شہدا کی تعداد 212 ہو گئی

غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری ہے،  اسرائیلی قوتوں کے حملوں میں مزید 24 فلسطینی جان سے گئے جس سے شہدا کی مجموعی تعداد 212 ہو گئی ہے
غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری ہے،  اسرائیلی قوتوں کے حملوں میں مزید 24 فلسطینی جان سے گئے جس سے شہدا کی مجموعی تعداد 212 ہو گئی۔
بتایا گیا ہےکہ شہدا میں 61 بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں۔
خبر کے مطابق،غزہ پر اسرائیلی قوتوں کی بمباری سے ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت فلسطینی شہید ہوتے جا رہے ہیں۔
اسرائیل کی مسلسل آٹھویں روز بمباری سے فلسطین کے مہاجر کیمپ میں موجود ایک ہی خاندان کے دس افراد شہید ہو گئے۔ یتیم خانہ بھی دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ طبی سہولیات کا فقدان ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے مسلسل ہونے والی بمباری کی وجہ سے شہادتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ غزہ کی رفاہ سرحد سے کئی شدید زخمیوں کو مصر منتقل کیا گیا جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
سرحدی ذرائع کے مطابق تین بسوں کے ذریعے 263 فلسطینی غزہ چھوڑ گئے۔
حماس کے جوابی راکٹ حملوں میں دس اسرائلی شہری بھی مارے گئے، تین سو زخمی ہوئے، غزہ سے تین ہزار سے زائد راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غزہ پر پوری طاقت سے حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔