نئی دہلی ۔دمشق(ملت ٹائمز)
شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر نے رواں برس اکتوبر میں متنبہ کیا تھا کہ حلب کے لیے عالمی طاقتیں کوئی فیصلہ نہیں کرتیں تو شدید تباہی ممکن ہے۔ سفارتکاروں کا خیال ہے کہ اُس اپیل پر کوئی بڑی کارروائی سامنے نہیں آئی۔
سفارتکاروں نے کہا ہے کہ جس طرح حلب پر روس اور شامی جنگی طیاروں کی مسلسل بمباری کا سلسلہ جاری رہا، اُس تناظر میں اقوام متحدہ کے سفیر کے مختلف اوقات پر سامنے آنے والے انتباہوں میں توانائی کا فقدان تھا اور اب صورت حال یہ ہے کہ حلب مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان سفارتکاروں کے مطابق حلب پر شامی فوج کے قبضے کی مہم کے دوران جس مقدار میں اسلحہ استعمال کیا گیا ہے اور جو انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اُس نے عالمی ادارے کے بعض کمزور پہلووں کو عیاں کر دیا ہے۔
شام کی حکومت کو حلب پر قبضے کی مہم میں مسلسل روس کی بھرپور عملی حمایت حاصل رہی ہے۔ اس دوران زمینی کارروائی تو جاری رہی مگر اقوام متحدہ میں حلب کے لیے پیش کردہ قراردادوں کو دو مرتبہ روس کی جانب سے ویٹو کر کے انہیں ناکارہ کر دیا گیا۔ یہ دونوں قراردادیں حلب پر بمباری روکنے سے متعلق تھیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے مسلسل ایک ہی بات کی تکرار رہی کہ شام کے تنازعے کا فوجی حل ممکن نہیں۔
یورپی کونسل برائے خارجہ امور کے ریسرچر رچرڈ گووان کا کہنا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اقوام متحدہ کے ادارے کا قیام اِس عہد پر کیا گیا تھا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا پر حلب کے سقوط نے سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آیا یہ تنظیم سنگین تنازعات کا سامنا کرنے کی استطاعت رکھتی ہے۔ رچرڈ گووان یورپی ادارے میں اقوام متحدہ کے امور کے ماہر ہیں۔
گووان کے مطابق عراق جنگ کے بعد حلب پر حملوں کا تسلسل اقوام متحدہ کے لیے انتہائی اہم بحران کے طور پر ابھرا ہے اور اِس کی وجہ سے سلامتی کونسل پر پائے جانے والے اعتماد کی اساس لرز کر رہ گئی ہے۔ اجتماعی طور پر سفارتکاروں کی انگلیاں روس کی جانب اٹھتی ہیں کہ اُس کی چھتری تلے دمشق حکومت حلب میں عسکری آپریشن کو انتہائی شدت سے جاری رکھے ہوئے تھی۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ، مغربی طاقتوں اور سیکرٹری جنرل بان کی مون کو بھی سفارتی و سماجی حلقوں کی تنقید کا سامنا ہے کہ عمومی طور پر سارے شام اور خصوصی طور پر حلب میں پھنسے ہوئے دس لاکھ عام شہریوں کے لیے انسانی امداد پہنچانے کے عمل میں بھی کوئی بڑا کردار ادا نہیں کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی اپنی رپورٹوں کے مطابق شامی عسکریت پسندوں نے بیشمار سویلینز کو بغیر کسی وجہ کے گولیاں مار کر ہلاک کیا ہے۔ اس صورت حال پر سبک رفتاری سے کارروائی کرنے کے بجائے مبصرین کی تعیناتی کی جو قرارداد منظور کی گئی اُس پر چار دن صرف کر دیے گئے تھے۔