اسرائیل کا فلسطینیوں کو جبری بیدخل کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے سربراہ نے شیخ جرح کا دورہ کیا
غزہ: بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا جبری طور پر فلسطینیوں کو اُن کے گھروں سے بے دخل کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے نمائندوں نے بیت المقدس کے قریبی علاقے شیخ جرح کا دورہ کیا اور عارضی طور پر قائم کیمپوں میں گئے جہاں فلسطینیوں نے انہیں اسرائیلی مظالم سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لزارینی نے کہا کہ شیخ جرح کے علاقے سے فلسطینیوں کی بے دخلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اسرائیل کی قابضانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ میں اس بیدخلی کو عالمی سطح پر اُٹھاؤں گا۔
فلپ لزارینی نے مزید کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایجنسی کے سربراہ کی حیثیت سے ان کا کام فلسطینی پناہ گزینوں کی حفاظت اور مدد کرنا ہے اور میری اولین ترجیح بھی فلسطینیوں کو صدمے اور نقصان کے حالیہ دور سے بچانا ہے۔
اقوام متحدہ کے نمائندوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کو ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کے گھروں کو واپسی کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے اور اس حوالے سے عالمی قوتوں سے بھی بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے ماہ رمضان میں شیخ جرح سے فلسطینوں کو طاقت کے زور پر بیدخل کردیا تھا جس کے باعث شروع ہونے والی جھڑپوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی صورت اختیار کرلی تھی جس میں 250 سے فلسطینی شہید ار درجنوں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں