اسلام نے ہمیشہ امن وسلامتی اور انسانیت نوازی کا پیغام دیا ہے: وائس چانسلر جامعہ ازہر قاہرہ

قاہرہ: اسلام نے ہمیشہ امن وسلامتی اور انسانیت نوازی کا پیغام دیا ہے ، اور اسلام ہر طرح کی انتہا پسندی ، دہشت گردی اور غیر انسانی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے ، دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی وطن ہوتا ہے، اور اگر ہم ” وسطیت واعتدال اور فکری سلامتی کے فروغ میں فضلاء ازہر کے کردار کی بات کریں تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہیکہ ازہر شریف اعتدال ، روا داری ، محبت ، بھائی چارہ اور بقائے باہمی کا سر چشمہ ہے ۔

یہ باتیں ازہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد حسین محرصاوی نے عالمی تنظیم برائے فضلاءے ازہر برانچ انڈونیشیا کے زیر اہتمام پندرہ جون بروز منگل 2021 کو منعقد عالمی ورچول کانفرنس میں کہیں۔
اسی طرح پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے عالمی تنظیم برائے فضلاء ازہر انڈیا کے صدر اور مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے پروفیسر ڈاکٹر مبین سلیم ازہری
نے کہا کہ جامعہ ازہر اسلام كا ايك مستحکم اور مضبوط قلعہ ہے، جو سالہا سال سے اپنی ضیاء پاشیوں سے دنیا کو منو ر کئے ہوئے ہے، جسے ہزار سال کی زياده مدت سے پوری دنيا کے مسلمانوں كے لئے مرجع ہونے کا شرف حاصل ہے ، یہ اپنے نام اور وصف کیساتھ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی مرجع و ماخذ ہے ، اسکا منہج افراط و تفریط سے ہٹ کر اعتدال و سطیت پر مبنی ہے ، اس عظیم ادارے کو قبلہ علم بھی کہا جاتا ہے ، اسکے علاوہ یہ اپنے قیام کے دور ہی سے مرجع خلائق خاص وعام رہا ہے، جہاں دنیا کے ہر کونے سے تشنگان علوم نبوت اپنی پیاس بجھانے کیلئے اس کا رخ کرتے رہے ہیں، یہاں سے فارغ ہونے والے طلبہ میں سے ہر دور میں اپنے وقت کے جید محدثین ، مفسرین ، متکلمین ، فلاسفہ ، اطباء ، علماءء ، فضلاء ، داعیان و مبلغین ، اور مفتیان کرام کی عظیم جماعت رہی ہے ، جنہوں نے دینی ، مذہبی ، ملی ، سماجی ، سیاسی ، علمی ،فکری ، دعوتی ، تبلیغی ، تصنیفی ، تالیفی ،تدریسی اور ثقافتی میدانوں میں نمایاں اور کلیدی کردار اداکیا ہے ، اور بحمدہ تعالی اب بھی وسیع پیمانے پر متعدد شعبوں میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے ، اور بالخصوص معتدل فكر اور وسطيت كى نشر و اشاعت میں اس كا بہت اہم كردار ہے ، امن و سلامتی كے قيام، مذہبی رواداری كے فروغ اور مختلف اديان و مذاہب كے درميان گفتگو کے اہتمام میں اس كى كوششيں اور كاوشیں قابل صد تحسين ہیں،یہ دین ودنیا کی تعلیم کا حسین سنگم ہے ،اور آج بھی یہ فیض جاری وساری ہے
اس موقع پر عالمی تنظیم برائے فضلائے ازہر انڈیا کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد شہاب الدین ندوی ازہری نے بتایا کہ عزت مآب پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر دامت برکاتہم کی قیادت میں ازہر شریف پوری دنیا میں انسانی اخوت ومحبت کی تعلیم اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے ساتھ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا پرزور مقابلہ کر رہا ہے اور فضلاء ازہر دین کی نشر و اشاعت اور حفاظت اور فکری طور پر اسلام اور مسلمانوں پر یلغاروں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں ۔
اس پروگرام میں انڈونیشیا کی دینی قیادت کے علاوہ مختلف ممالک کے پانچ سو سے زائد علماء واساتذہ نے شرکت کی ۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں