مسجد اقصیٰ کے صحن میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس میں جھڑپیں

مقبوضہ بیت المقدس: قابض اسرائیلی پولیس نے کل جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائی کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد حرم قدسی میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں۔

العربیہ ٹی وی چینل کے نامہ نگار کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپیں ہوتی رہیں۔
اسرائیلی پولیس کے تشدد سے صحافیوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلسطینی شہری نماز جمعہ کے لیے مسجد میں داخل ہو رہے تھے۔ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں پر اندھا دھند لاٹھیاں برسائیں اور اشک آورگیس کی شیلنگ کی۔
فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے صوتی بموں، دھاتی گولیوں اور دیگر پرتشدد ہتھکنڈوں کا بھی استعمال کیا گیا۔
درایں اثنا اردن نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے فلسطینی نمازیوں پر طاقت کے استعمال سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز نے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ جو برتاؤ کیا ہے وہ مسجد اقصیٰ اور نمازیوں کی حرمت کی کھلی توہین اور اشتعال انگیزی ہے۔