دھوم دھام سے منایاگیا اسلامی نظریات کی بنیاد پر پاکستان بنانے والے محمد علی جناح کا140 واں یوم ولادت

مختلف مقامات پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ،کچھ جگہوں پر سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے
کراچی(ملت ٹائمز)
بانی پاکستان محمد علی جناح کے 140ویں یوم ولات کے موقع پر مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض سنبھالے اور ملک بھر میں دعائیہ تقاریب منعقد کی گئی۔
روزنامہ پاکستان میں شائع خبر کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 140واں یوم ولادت آج عقیدت اور احترام او رملی جوش و جذبے سے منایا گیا اور اس موقع پر مزار قائد پر گارڈ ز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول میجر عبداللہ ڈوگرتھے جنہوں نےمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے اور مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ اس سے قبل مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
صبح سویرے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا،نماز فجر کے بعد قوم کے درجات کی بلندی، ملک کی بقا و سلامتی اور امن و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔بابائے قوم کی خدمات اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جارہے ہیں جب کہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
متعدد مقامات پر محمد علی جناح کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے ،جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں بانی پاکستان کی انتہائی نادر، نایاب اور تاریخی تصاویر اور ان کے زیر استعمال اشیا کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔یاد رہے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسبت سے چین کی طرف سے پاکستان کو180فٹ کے فانوس کا تحفہ دیا گیا ہے جس میں 8کلو سونا جڑا ہوا ہے ہے جسے مزار قائد پر نصب کر دیا گیاتھا۔