اسٹین سوامی انصاف کے حقدار تھے ، ان کی موت کا سچ سامنے آنا چاہیے: ملی کونسل

نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف مسیحی رہنما اور مبلغ اسٹین سوامی کی قید کے دوران ہوئی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ حکومت اور سرکاری ایجنسیوں کو اس پر اپنا رخ صاف کرنا چاہیئے اور بتانا چاہییے کہ سوامی اسٹین کی موت کیسے ہوئی ۔ کیاسبب بنا کیاسچ میں ان کی موت طبعی ہے یا اس کے پیچھے کوئی سازش ہے۔

 ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ سوامی اسٹین پر یو اے پی اے جیسی سنگین دفعہ لگادی گئی تھی اور پچھلے نو مہینہ سے وہ جیل میں تھے ،متعدد مرتبہ ضمانت کی عرضی لگائی گئی لیکن وہ خارج ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک ان پر الزام ثابت نہیں ہواتھا وہ انصاف کے حقدار تھے لیکن انصاف ملنے سے پہلے موت کی خبر آگئی ۔

ڈاکٹر منظور عالم نے یہ بھی کہاکہ جیل کے دوران موت کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی قید کے دوران متعدد اہم لوگوں کی موت ہوئی ہے جس پر سوال کھڑے کئے گئے اور معاملہ مشکوک ہونے کی وجہ سے سوال اٹھنا لازمی ہے کہ آخر جیل میں ایسے قیدیوں کی موت کیوں ہوتی ہے ؟ کیا انہیں مناسب علاج فراہم نہیں کیا جاتاہے ؟ کیا وقت پر ہسپتال میں داخل نہیں کرایا جاتاہے ؟ کیا ایسے لوگوں کی صحت پر توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔ حکومت اور ایجنسیوں کو اس پر اپنا رخ صاف کرنا چاہیے اور بتانا چاہییے کہ سوامی کی موت کیسے ہوئی اور کیاسبب بنا ۔ کیا عوام کو انصاف کی امید رکھنی چاہیئے ۔ کیا اہل خانہ کو انصاف مل سکے گا ۔