قانون سازی سے زیادہ ضروری بیداری ہے، آبادی کے سلسلے میں نتیش کمار کی رائے مناسب: ڈاکٹر محمد منظور عالم

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے آبادی کے تعلق سے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمارکے بیان کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ یہ بات صحیح ہے کہ عوام میں بیداری آنی چاہیئے ۔ تعلیم کا فروغ ہونا چاہیئے ۔ قانون سازی کے ذریعہ آبادی پر کنٹرول نہیں کیا جاسکتا ہے جیساکہ یو پی کی یوگی حکومت کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ چین نے بھی آبادی پر قابو پانے کیلئے قانون سازی کی تھی جس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے سلی ڈیل ایپ کے معاملہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ اخلاقی زول وانحطاط کی انتہاءہے کہ سرعام سوشل میڈیا پر مسلم لڑکیوں کی تصویر اپلوڈ کی جارہی ہے ۔ گھٹیا ترین حرکتیں کی جارہی ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف ابھی تک کوئی سخت کاروائی نہیں کی گئی ہے ۔ افسوس کی بات یہ بھی ہے کہ قومی خواتین کمیشن اور دوسرے خواتین کے ادارے اس پر چپ ہیں ، کچھ بھی نہیں بولا جارہا ہے۔ آل انڈیا ملی کونسل ایسی مذموم حرکتوں کے خلاف ہے اورجن لوگوں نے یہ جرأت کی ہے ان پر سخت قانونی کاروائی کی جائے ۔
آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اخباری بیان میں کرونا وائرس کے حوالے سبھی لوگوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے اور کہاکہ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ تیسری لہر کا بھی خدشہ ہے اس لئے ماسک کا اہتمام جاری رہنا چاہیئے ۔ جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لی ہے انہیں ویکسین لے لینا چاہیئے ۔