یوپی حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کو اجازت دئے جانے پر سپریم کورٹ کا از خود نوٹس

کورونا بحران کے باوجود اتر پردیش حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کو اجازت فراہم کئے جانے پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا ہے۔ جسٹس روہنگٹن نریمن کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت اور یوپی حکومت کو اس معاملہ پر نوٹس جاری کیا ہے۔ اس معاملہ کی سماعت آئندہ 16 جولائی کو کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز کانوڑ یاترا پر روک لگا دی گئی۔ اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا تھا کہ انسانی جانوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا رواں سال کانوڑ یاترا کو اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں، آئی ایم اے کی اتراکھنڈ یونٹ کی جانب سے اتراکھنڈ حکومت کو مکتوب ارسال کر کے کانوڑ یاترا پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔