مہاراشٹر کے قیامت خیز سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اہل خیر حضرات سے جمعیۃ علماء ہند کی اپیل

جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی اپیل، جمعیۃ کا مرکزی وفد متاثرہ خطہ پہنچا، جمعیۃ ریلیف کمیٹی تشکیل، وسیع پیمانے پر کام کرنے شروع کیا گیا۔
نئی دہلی: مہاراشٹرا کے کئی اضلاع بالخصوص رتناگیری، رائے گڑھ و دیگر علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے قیامت خیز صورت حال کا سامناہے۔ لاکھوں کی آبادی اپنے آشیانے سمیت مکمل طریقے سے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ان گنت جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں اورہزاروں افراد کو اگر فوراً محفوظ مقام تک نہیں پہنچایا گیا اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم نہیں کی گئیں تو ان کی زندگی کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔
اس کے مدنظر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے تمام اہل خیر حضرات اور ہمدردان وطن سے اپیل کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں مصیبت زدوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اللہ تعالی اپنے بندوں کو آزماتاہے، ایسے موقع پر اگر کوئی پریشان حال لوگوں کی مدد کے لیے آگے آتاہے تو اللہ تعالی کو وہاں پاتاہے جیساکہ احادیث صحیحہ میں وارد ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے حسب روایت بچاؤ اور راحت رسانی کا کام شروع کردیا ہے، نیز جمعیۃ علماء ہند کا ایک مرکزی وفدمولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی سرکردگی میں متاثرہ علاقہ کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔راحت رسانی کے کاموں کو منظم کرنے کے لیے ایک جمعیۃ ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔جمعیۃ علما ء ہند ہمیشہ ریلیف و راحت کے کاموں کو مرحلہ وار انجام دیتی ہے، پہلے مرحلے میں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو بچانا، ان کو شیلٹر ہوم، کھانے پینے اور برتنے کی اشیاء کی فراہمی سب سے بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ آگے کے مرحلے میں بازآبادکاری کا عمل بھی انجام دیا جائے گا۔
واضح ہو کہ  جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے جمعیۃ ریلیف کمیٹی برائے مہاراشٹرا سیلاب زدگان2021 تشکیل دی ہے جس کے کنوینر مفتی محمد رفیق پورکر رائے گڑھی نائب صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (رابطہ نمبر 855100484848, 9422383711) ہوں گے، جب کہ معاون کنوینر جمعیۃ علماء مہاراشٹرا کے صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی (9665017313   9422657332) ہوں گے۔ باقی ارکان قاری محمد ایوب اعظمی خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹرا، مولانا مفتی محمد روشن صاحب صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹرا، قاضی محمد حسین ماہمکر صدر جمعیۃ علماء رائے گڑھ،مولانا محمد اعجاز پہنالکر صاحب، ناظم جمعیۃ علماء کوکن،مفتی توفیق احمد مظاہری صاحب صدر جمعیۃ علماء رتناگیری، مولانا محمد الیاس بغدادی صاحب صدر جمعیۃ علماء تعلقہ چپلون  اورمولانا محمد ابراہیم صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع شولا پورہیں۔