آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کے لیے ۸؍ اگست کی تاریخ ملتوی: نائب امیر

پٹنہ: (پریس ریلیز) امارت شرعیہ بزرگوں کی امانت اورملت کا صدسالہ سرمایہ ہے،اس کا استحکام اس کی وحدت اور اس کی عظمت ووقار کا خیال میرامنصبی فریضہ ہے،اس کی تعمیر وترقی اورفروغ ووسعت کی راہیں تلاش کرنا میری ذمہ داری ہے،جس سے کسی حال میں مفر نہیں، اپنی ساری توانائی اور صلاحیتیں صرف کرکے آگے بڑھانا میرااولین اورمقدم عزم اورمنصوبہ ہے،ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد صاحب رحمانی قاسمی مدظلہ استاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبندنے اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے فرمایا امارت شرعیہ سے منسلک ریاستوں کے مسلمانوں کے علمی، شرعی، تعلیمی اور معاشی مسائل کے حل کی طر ف باہم مل جل کر بڑھنا وقت کا تقاضہ ہے، اور امارت شرعیہ کے تمام کارکنان، اراکین، اورمخلصین ومحبین کوساتھ لیکر سماجی و ملی منصوبوں کی تکمیل میری اولین ذمہ داری ہوگی۔
امارت شرعیہ کے ساتویں امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے میرے کندھوں پر جو ذمہ داری دی ہے، میں ان ذمہ داریوں کو حتی الوسع پوری یکسوئی اور اخلاص کے ساتھ انجام دینا لازم سمجھتا ہوں، ان کے وصال کے بعد آٹھویں امیرشریعت کا انتخاب اب تک ہوجانا تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے مجلس شوریٰ کی اجازت کے بعد اب تک یہ عمل انجام نہیں پاسکا، انتخاب امیر کے لیے ۸/اگست ۲۰۲۱ء کی تاریخ باہم مشورہ سے طے کردی گئی تھی او راس سمت میں اقدام بھی شروع ہوگئے تھے،لیکن بعض علاقوں مثلاً اڈیشہ، رانچی وغیرہ میں اتوار کو بھی لاک ڈاؤن رہنے اورکچھ ارکان شوریٰ وعاملہ کی طرف سے آنے والے مشورے کی وجہ سے اب یہ تاریخ ملتوی کی جاتی ہے، ان شاء اللہ آئندہ حالات کونظر میں رکھتے ہوئے حسب دستور انتخاب امیر کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،میں امارت شرعیہ کے جملہ کارکنان، ذمہ داران، متوسلین ومحبین سے گذارش کرتا ہوں کہ امارت کے جملہ کاموں کو باہمی اتحاد اورمضبوط عزم و حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھائیں اور تمام امور کی حسب سابق انجام دہی میں مشغول ہوجائیں، دینی مکاتب کے قیام،اردو کے فروغ کی تحریک اورنئے دارالقضاء کے قیام سمیت عصری تعلیمی اداروں کے قیام پر توجہ دیں، اضلاع و بلاک کی سطح پر جو کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں اسے متحرک و فعال بنائیں، جہاں کمیٹیاں نہیں بنی ہیں وہاں کمیٹیاں بنائیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کاحامی اور مددگار ہو اور ہمیں اخلاص عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین