پاکستان کے نئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 8 لوگوں کے سزائے موت کی توثیق کی

اسلام آباد(ملت ٹائمزڈیسک)
روزنامہ دنیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن کے دشمن 8 دہشت گردوں کی سزائے موت جبکہ 3 دہشت گردوں کی عمر قید کی سزا کی توثیق کر دی ہے۔ سزا پانے والوں میں سماجی ورکر سبین محمود کے قاتل سمیت صفوریہ گوٹھ حملے کے منصوبہ ساز بھی شامل ہیں۔ تمام دہشت گرد 90 افراد کے قتل اور 99 کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان سوات کے ترجمان مسلم خان بھی شامل ہے جو عام شہریوں اور انسپکٹر شیر علی کے قتل میں ملوث تھا۔ دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزا سنائی گئی تھی۔