آندھراپردیش میں آج سے اسکول کھولے جانے سے تہوار جیسا ماحول 

حیدرآباد: آندھراپردیش میں آج سے اسکولس کھول دیئے گئے۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ان اسکولس کو گزشتہ سال اپریل میں بند کر دیا گیا تھا، تاہم آج سے ریاست میں اسکولس کو کھول دیا گیا ہے۔ پہلے دن طلبہ کی کثیر تعداد اسکولس پہنچی۔ اسکولس کے ساتھ ساتھ جونیر کالجس بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ کورونا کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پہلی تا دسویں جماعت کی کلاسس کا آغاز کیا گیا۔ کلاسس میں ماسک، سماجی فاصلہ اور تھرمل اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسکولس کو کھولنے کا فیصلہ وزیراعلی جگن موہن ریڈی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں 23جولائی کو لیا گیا۔ اسکولس میں آج تہوار جیسا ماحول ہے کیونکہ طلبہ کافی دنوں تک تعلیمی سرگرمیوں سے دور رہنے کے بعد شخصی کلاسس میں حاضر ہوئے۔ اسکولس کو ہدایت دی گئی کہ وہ کورونا سے مرنے والے افراد کے بچوں کے لئے کتابوں، تعلیمی مواد، یونیفارمس اور جوتوں کا مفت اہتمام کریں۔ پرائیویٹ اسکولس کے انتظامیہ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف کو ٹیکوں پر توجہ مرکوز کرے، یہ کام احتیاطی طور پر کیا جائے۔