افغان سرزمین دہشت گردی یا کسی بھی غیر ملکی لڑاکا کو کوئی ایسا کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جس سے دوسرے ممالک کی سلامتی کو خطرہ ہو: ترجمان طالبان

عوام کی جان و مال کی مکمل حفاظت کی جائے گی، ہم نے ہر اس شخص کو معاف کر دیا جو ہمارا مخالف تھا: ذبیح اللہ مجاہد

کابل:  افغان طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان کو آزاد کرانا سب افغانیوں کی خواہش اور حق تھا، کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں رکھیں گے اور امن قائم کرنے کی کوشش کریں گے، افغانستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے نہیں دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار  طالبان کے ترجمان  ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی حل کے لیے مشاورت جاری ہے، تمام غیرملکی اداروں اور یہاں کام کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، غیرملکی سفارت خانوں کی بھرپور سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرنے کی کوشش کریں گے، افغانستان کو آزاد کرانا سب افغانیوں کی خواہش اور حق تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر اس شخص کو معاف کر دیا جو ہمارا مخالف تھا، عوام کی جان و مال کی مکمل حفاظت کی جائے گی، افغانستان کی سرزمین کسی دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔