سعودی عرب: ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو کٹہرے میں لانے کا حکم

ریاض: سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل الشیخ سعود بن عبداللہ المعجب نے سوشل میڈیا کے ذریعے امّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن کے مانیٹرنگ سیل کی نشاندہی پر ایک ویڈیو سامنے لائی گئی ہے، جس میں امّ المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور بالواسطہ طور پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کا ارتکاب کیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل نے ویڈیو کے ذریعے مقدس ہستیوں کی گستاخی کے مرتکب عناصر کو سعودی فوج داری قانون کی دفعہ 15 اور 17 کے تحت گرفتار کرنے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ مقدس مذہبی ہستیوں ، اسلامی اقدار اور عوامی اخلاقیات کی توہین پرمبنی مواد سوشل میڈیا پر شائع کرنا ان بڑے اور ناقابل معافی جرائم میں سے ایک ہے جنہیں اٹارنی جنرل کے فیصلے نمبر 1 مجریہ 1441 کے تحت گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل لانا ہے۔ اس نوعیت کے جرائم پر کم سے کم پانچ سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ کی سزا ہے۔