امریکہ کو داعش پر فضائی حملے سے قبل ہمیں آگاہ کرنا چاہیے تھا: طالبان

افغانستان میں طالبان نے ملک کے مشرقی علاقے میں بغیر انہیں اطلاع دئیے داعش کو نشانہ بنانے کے لیے امریکہ کے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے
کابل: افغانستان میں طالبان نے ملک کے مشرقی علاقے میں داعش کو نشانہ بنانے کے لیے امریکہ کے ڈرون حملے کی مذمت کر دی ہے۔
طالبان کے ایک ترجمان نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو اس حملے سے قبل ہمیں آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ حملہ واضح طور پرافغان علاقے پر کیا گیا ہے۔اس میں دو افراد ہلاک اور ایک بچّہ اور دوخواتین زخمی ہوئی ہیں۔
پینٹاگان نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ڈرون حملے میں داعش کے دو ’’ہائی پروفائل اہداف‘‘ ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے لیکن ان دونوں ’’اہداف‘‘ کی فوری طور پر شناخت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
امریکی فوج نے جمعرات کو کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرخودکش بم حملے کے ردعمل میں یہ کارروائی کی ہے۔ہوائی اڈے کے باہردودھماکوں میں دسیوں افغان اور 13 امریکی فوجی ہلاک اور ایک سو کے لگ بھگ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
افغانستان میں سخت گیرجنگجو گروپ داعش کی شاخ نے اس تباہ کن حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔پینٹاگان نے بھی کہا تھا کہ اس حملے کے پیچھے داعش الخراسانی گروپ کا ہاتھ کارفرما ہے۔