جھارکھنڈ کے بعد یوپی-بہار اسمبلی میں بھی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے جگہ کا مطالبہ

لکھنو: ( ایجنسی) جھارکھنڈ کے بعد اب اتر پردیش اور بہار اسمبلیوں میں عبادت سے متعلق تنازعہ بڑھنے کا امکان ہے۔ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے عرفان سولنکی نے اسمبلی کے اسپیکر سے نماز کے کمرے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم ایل اے نے کہا ہے کہ عبادت کے لیے کمرہ بنانے سے کوئی پریشان نہیں ہوگی۔ دوسری طرف بہار میں بی جے پی ایم ایل اے ہری بھوشن ٹھاکر بچول نے ہندو جذبات کے مدنظر رکھتے ہوئے اسمبلی میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کے لیے چھٹی اور جگہ کا مطالبہ کیا ہے۔
یوپی میں سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے عرفان سولنکی نے کہا کہ دعا بھی ضروری ہے اور اسمبلی کا اجلاس بھی ضروری ہے۔ اسمبلی میں نماز کے لیے الگ جگہ ہونی چاہیے۔ سولنکی نے کہا کہ مسلم ایم ایل اے کو سیشن چھوڑ کر نمازوں کے لیے مساجد جانا پڑتا ہے۔ اگر اسمبلی کا اسپیکر چاہے تو عبادت کے لیے ایک چھوٹا سا کمرہ بنایا جا سکتا ہے۔ ایس پی ایم ایل اے نے کہا کہ اس سے کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
جھارکھنڈ اسمبلی میں بی جے پی اراکین نے نماز کے لیے کمرہ الاٹ کرنے کے معاملے پر زبردست ہنگامہ کھڑا کیا، جس کی وجہ سے ایوان کا اجلاس متاثر ہوا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرتے ہوئے ایوان کے دروازے کی سیڑھیوں پر بیٹھ گئے۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر ’ہرے رام‘لکھا ہوا تھا۔
جب کارروائی شروع ہوئی تو بی جے پی کے ارکان ‘جے شری رام’ کے نعرے لگاتے ہوئے چبوترے کے قریب گئے۔ وہ نماز کے کمرے کی الاٹمنٹ سے متعلق حکم واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ صدر رابندر ناتھ مہتو نے بھانو پرتاپ ساہی سمیت بی جے پی ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس چلے جائیں۔ ان سے کہا “آپ ایک اچھے رکن ہیں۔ برائے مہربانی پریزائیڈنگ آفیسر کے ساتھ تعاون کریں۔ “