مولانا حبیب الرحمن لدھیانویؒ کی رحلت خطہ پنجاب کا بڑا ملی خسارہ: جمعیۃ علماء ہند

ریاست پنجاب کے شاہی امام کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء یوپی کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کا اظہار تعزیت
کانپور: جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے ریاست پنجاب کے معروف عالم دین امیر مجلس احرار اسلام ہند مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی شاہی امام جامع مسجد لدھیانہ کے سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس احرارِ اسلام ہند ایک تاریخی و انقلابی جماعت ہے جس کی بنیاد 1929ء میں رکھی گئی۔ اس جماعت کی خصوصیت یہ ہے کہ جب سابق صدر جمعیۃ علماء ہند شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی  ؒنے مذہب کی بنیاد پر تقسیم ہند کی مخالفت کی تو تائید کرنے والوں میں سب سے پہلے یہ جماعت تھی۔ حضرت مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی صاحب (ثانی) 1989ء سے اس جماعت کے صدر تھے۔ مولانا مرحوم نے تحریک تحفظ ختم نبوت، پنجاب میں مساجد کی آبادکاری اور دینی تعلیم کے فروغ میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ ان کی وفات سے خطہ پنجاب میں ملی سطح پر بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے  تمام اہل خانہ خاص طور سے مولاناؒ کے فرزند محترم اور مجلس احرار اسلام ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمدعثمان لدھیانوی صاحب کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولاناموصوف کے سانحہ ارتحال پر ہم اہل خانہ اور برادران کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی مرحوم کی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے۔ پسماندگان و جملہ متعلقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے، اور مولاناؒ کو جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے۔    مولانا عبد اللہ نے جمعیۃ علماء کانپور کے تمام عہدیداران، کارکنان، ائمہ مساجد اور عوام الناس سے مولانا مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں