شام سے روسی فوج کے انخلاء کا کام شروع

دمشق(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
مشرق وسطیٰ کے شورش زدہ ملک شام میں موجود روسی فوج کے انخلاء کا کام شروع کردیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی فوج کے جنرل سٹاف والیری گیراسیموف نے کہا ہے کہ روس نے شام میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنا شروع کر دی ہے، روسی وزارتِ دفاع شام میں افواج کی کمی کے لیے اقدامات شروع کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روس کا واحد ایئر کرافٹ کیریئر ایڈمرل کوزنیٹسوو سب سے پہلے وطن واپس جائے گا،یہ بحری جہاز اکتوبر سے شام کے ساحلی علاقوں میں شامی صدر بشار الاسد کے مخالفین کے خلاف اپنی خدمات سر انجام دے رہا تھا،روس نے شامی حکومت کے باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ روس کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ولادیمر پوتن کے فیصلے کے تحت وزارتِ دفاع شام میں افواج کی کمی کے لیے اقدامات شروع کر رہی ہے،شام میں روسی فوج کے کمانڈر اینڈری کرتاپولوو کا کہنا ہے کہ فوجوں کے انخلا کا کام مکمل ہو گیا ہے،اقوام متحدہ کے مطابق روس کی جانب سے یہ اعلان ترکی اور روس کی شام میں جاری جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے