سمندری طوفان ’شاہین‘ آج اتوار کی صبح سلطنت عُمان کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ سوشل میڈیا پر عمان میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کی تصاویر اور ویڈیو کلپ پوسٹ کیے گئے ہیں
مسقط: سمندری طوفان ’شاہین‘ آج اتوار کی صبح سلطنت عُمان کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ سوشل میڈیا پر عمان میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کی تصاویر اور ویڈیو کلپ پوسٹ کیے گئے ہیں۔
عمانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہین طوفان کے سبب مسقط صوبے میں انتہائی تیز بارشیں ہو رہی ہیں۔ شہری دفاع کے مطابق صوبے میں بارش کے دوران سواریوں میں پھنس جانے کے 9 واقعات کی اطلاع ملی۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 25 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
قدرتی آفات کے پیشگی انتباہی قومی مرکز کے مطابق شاہین طوفان کا مرکز مسقط صوبے سے تقریباً 130 کلو میٹر دور ہے۔ مرکز کے گرد ہوا کی رفتار کا اندازہ 116 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
اس سے قبل عمان کے شہری ہوا بازی کے ادارے نے خبردار کیا تھا کہ اس طوفان کے سبب تیز ہوائیں چلیں گی اور 200 سے 600 ملی میٹرتک موسلا دار بارش ہو گی۔ بارش کے نتیجے میں شمالی البطینہ، جنوبی البطینہ، مسقط، الظہیرہ، البریمی اورالداخلیہ میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے۔
عمان میں ہفتے کے روز الخابورہ اور صحم میں ساحلی علاقوں سے شہریوں کو نکال کر پناہ کے مراکز منتقل کر دیا گیا تھا۔ ادھر عمانی وزارت صحت نے شاہین طوفان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایمرجنسی پلان نافذ کر دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ 130 برسوں کے دوران میں 46 طوفان عُمان کے ساحلوں تک پہنچے۔