اقتصادی تعلقات اور سیاحت میں تعاون کے فروغ پر یو اے ای اور اسرائیل کا باہم اتفاق

دبئی: (ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کے وزیرملکت برائے انٹرپری نیورشپ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) احمد بالہول الفلاسی نے دبئی ایکسپو2020 میں اسرائیلی پویلین کے افتتاح کے موقع پر صہیونی وزیرسیاحت یوئل رازفزوف سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع میں مزیداضافے، غیرتیل تجارتی تبادلے میں تیزی لانے اور وبا کے بعد کے مرحلے میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو متنوع بنانے کے امکانات پرتبادلہ خیال کیا ہے۔
الفلاسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہم آنے والے عرصے میں ان کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 کا عالمی میلہ اسرائیل کے کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے فائدہ اٹھانے کا ایک قیمتی موقع مہیا کرتا ہے۔
وام کے مطابق معاہدہ ابراہیم پر دست خط کے بعد پہلے سال کے دوران میں متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان تیل کے سوا دوسرے شعبوں میں 70 کروڑڈالرمالیت کا کاروبار ہوا ہے۔
اماراتی وزیرکا کہنا تھا کہ یواے ای میں سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کاگذشتہ کچھ عرصے کے دوران میں دنیا بھرسے بڑی تعداد میں سیاحوں نے رُخ کیا ہے اور انھوں سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے دس سیاحتی مقامات میں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔
رازفزوف کا کہنا تھا کہ:’’ہم معاہدۂ ابراہیم پردست خط کی پہلی سالگرہ کے موقع پردونوں ممالک کی جانب سے بالخصوص سیاحتی سطح پرگذشتہ عرصے کے دوران میں حاصل شدہ متاثرکن کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہاکہ کرونا وائرس کی وبا سے وابستہ نقل وحرکت کی پابندیوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کے تبادلے میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اورگذشتہ ایک سال کے دوران میں قریباً ڈھائی لاکھ اسرائیلی سیاحوں نے متحدہ عرب امارات کا رُخ کیا ہے۔
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں سیاحت کے شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ شعبہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کی ترقی میں بنیادی کردارادا کرے گا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com