‘صحت مند عوام صحت مند ملک’ مہم کا جے پور سے آغاز

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے ہر سال منعقد کی جانے والی قومی صحت بیداری مہم ‘صحت مند عوام صحت مند ملک’ کا آغاز آج راجستھان کے گلابی شہر جے پور سے کیا گیا۔

مہم کا آغاز میئر منیش گرجر نے صحت بیداری میراتھن ریلی کو جھنڈی دکھا کر کیا۔ یہ ریلی ہوا محل سے شروع ہو کر چار دروازہ پارک پر اختتام پذیر ہوئی۔ چار دروازہ پارک پر منعقدہ اجتماع عام کا افتتاح پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سکریٹری محمد ثاقب نے کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد ثاقب نے کہا کہ اپنے ملک کو مضبوط بنانے کے لئے شہریوں کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص اپنا دفاع تبھی کر سکتا ہے جب وہ صحت مند ہو۔
اس موقع پر پاپولر فرنٹ کے صوبائی صدر محمد آصف، صحت کارکن لئیق حسن نقوی، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی قومی سکریٹری یاسمین فاروقی، جمعیت علماء ہند جے پور کے صدر مفتی اخلاق الرحمان قاسمی، نیشنل ویمنس فرنٹ کی صوبائی صدر واجدہ پروین، آل انڈیا امامس کونسل کے صوبائی صدر محمد مرتضیٰ جاوید، ایس ڈی پی آئی کے صوبائی سکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین اور پاپولر فرنٹ کے ضلعی صدر محمد عمران خان نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ اس کے بعد صحت بیداری کی کلاسز، مارشل آرٹس اور یوگا وغیرہ جیسے مختلف پروگرام کئے گئے۔
پروگرام کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں قومی سکریٹری محمد ثاقب، صوبائی صدر محمد آصف اور سکریٹری تاج محمد نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اس قومی مہم کی تفصیلات بتائیں۔
‘صحت مند عوام صحت مند ملک 2021’ مہم 15 سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا عوام کے درمیان فٹنس اور صحت بخش طرزِ زندگی کے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے ہر سال اس مہم کا انعقاد کرتی ہے۔ مہم کے دوران ملک بھر میں خون کا عطیہ کیمپ، میراتھن دوڑ، منشیات مخالف پروگرام، ریلیاں اور صحت عامہ کے لئے ورزش کی کلاسز جیسے مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com