کابل: دو بم دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو بم دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکہ مغربی کابل میں ہزارہ برادری کے علاقے میں ہوا جس سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ دوسرا دھماکہ پی ڈی تھری کے ایریا میں ہوا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان حکومت کی وزارت داخلہ کی جانب سے دھماکے کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ یہ دھماکہ بھی گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی طرح ہی تھا جبکہ دونوں میں ایک ہی طرح کی د ھماکہ خیز ڈیوائسز کا استعمال کیا گیا تھا۔
طالبان کے ایک اہلکار نے بتایا کہ افغان دار الحکومت میں ہونے والے حملوں کی تازہ ترین کارروائی میں ایک مضافاتی علاقے دشت برچی میں گاڑی تباہ ہو گئی انہوں نے کہا کہ ہماری ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ بم ایک منی بس سے منسلک تھا۔ ہم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ اگست میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے داعش خراسان نے افغانستان کے کئی علاقوں میں حملے تیز کر دئے ہیں اور اس ماہ کے شروع میں شہر کے نیشنل ملٹری ہسپتال پر حملہ کیا، جس میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ گروپ نے مشرقی ننگرہار صوبے کے صدر مقام جلال آباد شہر میں کئی حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com