مالیگاؤں مشاعرہ کمیٹی کی میرے ساتھ دھوکہ دہی

مکرمی!
آج کل جیسا کہ آپ جا نتے ہیں مُلک میں جگہ جگہ مشاعروں اور کوئی سمیلنوں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے، خاص طور پر بڑے شہروں میں تو ایک ایک دن میں دو دو تین تین مشاعرے منعقد ہورہے ہیں ، اس لحاظ سے پروفیشنلس (پیشہ ور) نام نہاد افراد بھی موقع سے استفادہ کرتے ہوئے اس کاروبار میں کود پڑے ہیں۔
لیکن افسوس جب ہوتا ہے یہ نام نہاد آرگنائزرس مشاعرہ پڑھنے کے بعد شعراء کے ساتھ اُن کے نذرانہ کی ادائیگی میں ٹال مٹول کرتے ہیں اور طے شدہ اقم سے کم قبول کرنے پر انہیں مجبور کر دیتے ہیں ، وہ شعراء جو پیشگی نذرانہ حاصل کر چُکے ہوتے ہیں وہ تو مزے میں واپس ہو جاتے ہیں لیکن وہ شعراء جو پیشگی نذرانہ لینے کے قائل نہیں آرگنائزرس پر اعتماد کرکے دور دراز سے اُن کے مشاعرہ میں پہنچتے ہیں اِن کے ساتھ آرگنائزرس کا یہ برتاو اخلاق سے گِری ہوئی حرکت ہے۔
کچھ اِس طرح کا معاملہ میرے ساتھ بھی پیش آیا، گذ شتہ 30 ڈسمبر کو ناسک ضلع کے مالیگاوں میں مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا ، مجھے بھی اس میں شرکت کی دعوت دی گئی ، نذرانہ طے ہوا ، اِن دنوں ممبئی اور مہاراشٹرا کے دیگر علاقوں میں مجھے کئی جگہ کے دعوت نامے مِلے لیکن مالیگاوں کے مشاعرہ والوں کا اصرار اور مالیگاوں کے ایک شاعر واحدؔ انصاری (جو مشاعرہ کے انعقاد میں معاون تھے) مجھ سے بے حد اصرار کیا کہ میں اُن کے اس مشاعرے میں شرکت کروں ، میں نے اور جگہ کے مشاعروں کی دعوت کو ملتوی کرتے ہوئے اس مشاعرے میں جانا طے کیا اور مشاعرے میں شریک ہوئی۔ مشاعرے کے اختتام پر تمام شعراء کو گھنٹوں تک معاوضہ (نذرانہ) کا انتظار کرنا پڑا ، کنونیئر نے ساجد اختر کے اکاونٹ کا مجھے ایک چیک دے دیا ، اس اثناء میں مسٹر واحدؔ انصاری فرار ہو چُکے تھے، معلوم ہُوا کہ کچھ شاعروں نے معاوضہ کیضمن میں ان کی پٹائی کردی۔میں نے چیک بنک میں جمع کیا لیکن وہ چیک باونس ہو گیا، تب پتہ چلا کہ میرے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی ہے۔ ادب کے اسٹیج سے اس قسم کی حرکتیں لعنت ہے، ایسے آرگنائزر، کنو نئیر اور مشاعرے کے ذمہّ داروں پر جوادب کے نام پر مہمان شعراء کے ساتھ اس قسم کا برتاو کرتے ہیں۔ میں نے اس سے قبل بھی اپنی فیس بُک اور ٹیو ٹر پر آرگنائزرس کی اس قسم کی حرکتوں کو اُجاگر کیا تھا۔ویسے تو میں اپنی ذاتی مصروفیت کی بناء پر کم ہی مشاعروں میں جا پاتی ہوں ، لیکن جن مشاعروں کی دعوت قبول کرتی ہوں اِن میں ضرور شرکت کرتی ہوں ، پیشگی نذرانہ قبول کرنے کی میں قائل نہیں اگر کوئی مجھے پیشگی معاوضہ بھیج دے اور کسی وجہ سے میں شرکت نہیں کر سکوں تو میں نے اُن کے نذرانے کو واپس کیا ہے۔
مالیگاوں کے 30 ڈسمبر کے مشاعرے کے آرگنائزر اور خاص طور پر واحدؔ انصاری ،فیروز انصاری، اشتیاق تیزاب اور ساجد اختر کا میرے ساتھ یہ سلوک نہایت افسوسناک ہے، میں ان کے خلاف قانونی طور پر چارہ جوئی کر رہی ہوں تاکہ مستقبل میں کسی کے ساتھ دھوکہ نہ ہو ، وہ اور ہوں گے جو مستقبل میں مشاعرے ملنے کی لا لچ میں کنو نیئر کی اِن حرکتوں کو برداشت کر جاتے ہیں۔
نہ تو شوقین سفر کے ہیں نہ مجبور ہیں ہم
ہم تو اُردو کے لئے تم سے مِلا کرتے ہیں
لتا حیا
ؔ ممبئی