سعودی عرب: کووِڈ-19 کے کیسوں میں اضافے کے سبب عوامی مقامات پر ماسک پہننا دوبارہ لازم

ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ دنیا بھر میں کووِڈ-19 کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر جمعرات سے مملکت میں بیرونی تقریبات سمیت عوامی مقامات پرلازمی ماسک پہننے کی پابندی دوبارہ نافذ کی جا رہی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ 30 دسمبر 2021 کو صبح 7:00 بجے سے ماسک پہننے کی پابندی کا حکم نافذالعمل ہوگا۔
دریں اثناء عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کووِڈ-19 کے تیزی سے پھیلنے والے متغیّراومیکرون سے پیدا ہونے والا خطرہ اب بھی ‘بہت زیادہ’ ہے۔
ڈبلیوایچ او نے کووِڈ-19 کے وبائی مرض سے متعلق اپنی ہفت وار اپ ڈیٹ میں کہا:”مستقل شواہد سے پتاچلتا ہے کہ اومیکرون کے کیسوں میں ڈیلٹاشکل کے مقابلے میں دو سے تین دن میں دُگنا شرح سے اضافہ ہوتاہے اورمتعدد ممالک میں یومیہ کیسوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سعودی عرب نے منگل کو کرونا وائرس کے 602 نئے کیسوں اور ایک موت کی اطلاع دی تھی۔اب مملکت میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعداد 553,921 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کووِڈ-19 کے39 کیسوں کی حالت تشویش ناک ہیں اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com