پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ میں ایک خاتون جج کی تقرری

پاکستان کی سپریم کورٹ میں پہلی بار ایک خاتون جج جسٹس عائشہ اے ملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری کی یہ تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کو سپریم کورٹ کی عمارت کے ہال میں ہوئی جہاں چیف جسٹس گلزار احمد نے جسٹس عائشہ ملک سے حلف لیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے ججز اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار موجود تھے۔

خیال رہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش کے بعد پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے گذشتہ دنوں اِس کی منظوری دی گئی تھی۔

55 سالہ جسٹس عائشہ اے ملک 2012 سے لاہور ہائی کورٹ میں جج تعینات تھیں۔ وہ آئینی، بینکنگ، ٹیکس اور انسان حقوق کے امور پر دسترس رکھتی ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک کی نامزدگی سے تعیناتی تک کا سفر اور رکاوٹیں

رواں ماہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہوا جس کا ایک نکاتی ایجنڈا تھا: یعنی جسٹس عائشہ ملک کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی۔

جسٹس عائشہ ملک کا نام دوسری مرتبہ کمیشن کے سامنے رکھا گیا تھا۔ اُن کا نام چیف جسٹس گلزار احمد نے تجویز کیا تھا۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن کے پانچ ارکان نے جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی حمایت اور چار نے مخالفت کی۔

گذشتہ برس بھی جسٹس عائشہ ملک کا نام تجویز ہوا تھا تاہم جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے ارکان کے چار چار ووٹ برابر ہونے کی وجہ سے اُن کی تعیناتی ممکن نہیں ہو سکی تھی۔

پاکستان بار کونسل سمیت ملک بھر کی وکلا تنظیموں کا ایک دھڑا جسٹس عائشہ ملک کی بطور سپریم کورٹ جج نامزدگی کو ’سینیارٹی کے اصول کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے اس تجویز کی مخالفت کر رہا تھا جبکہ خواتین وکلا کی تنظیم نے مؤقف اپنایا تھا کہ سپریم کورٹ میں سینیارٹی کی بنیاد پر ججوں کی تعیناتی ابھی تک ایک معمہ ہے اور اس حوالے سے نہ تو ملکی آئین میں لکھا گیا ہے کہ سینیارٹی کو مدنظر رکھا جائے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی قانونی رکاوٹ ہے۔

(بشکریہ بی بی سی اردو) 

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com