ایران میں میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے، مغربی میڈیا لگاتار ہمارے خلاف جھوٹی خبریں نشر کررہا ہے: وزارت اطلاعات و نشریات ایران

تہران: (ملت ٹائمز) ایران میں 13000 میڈیا ہاؤسز رجسٹرڈ ہیں اور مکمل آزادی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ایران ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن سرکاری ادارہ ہے بقیہ سبھی میڈیا ہاؤسز پرائیویٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایران کے نائب وزیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فرشاد رحیم پور نے ہندوستانی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ مغربی ذرائع ابلاغ لگاتار ایران کے خلاف منفی خبریں نشر کرتے ہیں اور حقیقت کے خلاف پیرو پیگنڈہ کرکے ہماری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو افسوسناک ہے، مغربی میڈیا کو اپنا طرزِ عمل بدلنے کی ضرورت ہے۔ آپ حضرات اور بھارتیہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ ایران کے تعلق سے مغربی میڈیا کی روش اختیار نہ کرے اور حقیقت پر مبنی خبروں کو ہی دکھائے۔

انہوں نے کہاکہ ایران میں دنیا کے کئی سارے میڈیا ہاؤسز کے بیورو چیف موجود ہیں، کچھ بین الاقوامی صحافی معاشی پابندیوں کی وجہ چاہنے کے باوجود نہیں آپاتے ہیں۔

 ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی کے ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہاکہ ’ایران میں میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے اور حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کی کوئی بندش عائد نہیں ہے‘۔ اس کا بہترین جواب یہی ہے کہ آپ یہاں کے اخبارات کا پابندی سے مطالعہ کریں تاکہ آپ جان سکیں کہ حکومت مخالف کتنی خبریں یہاں شائع ہورہی ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ایران میں نیوز ویب سائٹ کا بھی رجسٹریشن ہوتا ہے۔

 اس موقع پر ایران کے نائب وزیر نے یہ بھی کہا کہ اگر ہندوستان کے صحافتی ادارے تہران میں آفس قائم کرنا چاہتے ہیں تو ہماری طرف سے خوش آمدید ہے اور ہر ممکن مدد کریں گے۔

واضح رہے کہ معروف صحافی اشرف زیدی کی سربراہی میں ہندوستان کے صحافیوں کے ایک وفد ایران کے غیر سرکاری دورے پر ہے جس میں روزنامہ دی ہندو کے صحافی اسٹینلی جون، روزنامہ سیاست حیدر آباد کے نیوز کوآرڈینیٹر واینکر محمد ریاض احمد، روزنامہ سیاسی تقدیر کے نمائندہ انجم جعفری، تہلکہ توڈے لکھنؤ کے ایڈیٹر رضوان مصطفی اور ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر حیدر رضا ضابط بھی مترجم کے طور پر شریک ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com