پشاور: پاکستان میں ایکبار پھر عبادت گاہ میں خون کی ہولی کھیلی گئی ،شیعوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ سرحدی علاقہ خیبر پختونخواہ کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکے سے تقریباً 45 افراد ہلاک جبکہ 65 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزید زخمیوں کو لایا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ دھماکہ نماز جمعہ کے دوران ہوا۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں دو حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے کوچہ رسالدار مسجد میں فائرنگ ہوئی اور اس کے بعد دھماکہ ہوا۔ عینی شاہد اکمل نے بتایا کہ پہلے مسجد کے باہر پولیس پر فائرنگ ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ‘جیسے ہی فائرنگ اور دھماکے کی اواز سنی تو مسجد کی طرف دوڑا کیونکہ وہاں پر میرے بچے بھی نماز پڑھنے گئے ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے بچ گئے تاہم انکا بھتیجا زخمی ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔






