اسرائیل فوج کا کریک ڈاؤن، 38 روزہ دار گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس:مقبوضہ بیت المقدس میں قائم وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کی جانب سے شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز سے لے کر اب تک قابض اسرائیلی فوج نے القدس سے 38 فلسطینی روزہ داروں  کو گرفتار کیا ہے۔

آج ایک بیان میں انفارمیشن مرکز نے بتایاکہ کل بدھ کو قابض فوج نے 4 فلسطینیوں کو اس وقت گرفتار کیا، جب وہ القدس کے علاقے باب العمود میں تھے۔

“وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر” کے وکیل فراس الجبرینی نے وضاحت کی کہ بدھ کی شام باب العمود کے علاقے سے حراست میں لیے گئے فلسطینی روزہ داروں میں حمزہ عالیان، احمد عواد، محمد عمیرہ اور محمد ابو میالہ شامل ہیں۔

الجبرینی نے متنبہ کیا کہ نوجوان احمد عواد کو پولیس کے شہری لباس میں ملبوس خفیہ یونٹ نے انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ مل کر گرفتار کیا اور گرفتاری کے دوران انہیں بری طرح مارا پیٹا۔

الجبرینی کے مطابق پولیس فورسز نے نوجوانوں کو باب العمود کے داخلی دروازے پر کنٹرول روم کے اندر سے حراست میں لیا۔ ان کے شناختی کارڈ ضبط کیے اور دھمکی دی کہ اگر وہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی تصویریں کھینچیں گے تو نوجوانوں کو گرفتار کر لیں گے۔

“وادی حلوہ انفارمیشن” نے کہا کہ قابض فورسز کی گرفتاریاں، ماہ رمضان کے آغاز سے گذشتہ ہفتے کے روز باب العمود کے علاقے، الساھرہ، نابلس اسٹریٹ، المصرارہ اور ملحقہ علاقوں میں مرکوز تھیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com