دہلی: سپریم کورٹ نے اپنے ایک تاریخی فیصلہ میں غداری قانون (سیڈیشن لا) پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے اس فیصلہ کے بعد راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سچ بولنا حب الوطنی ہے، غداری نہیں، ڈرو مت!
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ”سچ بولنا قوم پرستی ہے، غداری نہیں۔ سچ کہنا حب الوطنی ہے، غداری نہیں۔ سچ سننا راج دھرم ہے، سچ کچلنا راج ہٹھ ہے۔ ڈرو مت۔”
सच बोलना देशभक्ति है, देशद्रोह नहीं।
सच कहना देश प्रेम है, देशद्रोह नहीं।सच सुनना राजधर्म है,
सच कुचलना राजहठ है।डरो मत! pic.twitter.com/AvbWVxKh6p
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) May 11, 2022
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے کہا کہ جب تک مرکز کی طرف سے قانون پر نظرثانی مکمل نہیں ہو جاتی، اس وقت تک غداری کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا۔ یہ قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 124-اے میں درج ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی والی اور جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔
بنچ نے ایک عبوری حکم میں کہا کہ غداری کی دفعات کے تحت کوئی نئی ایف آئی آر درج نہیں کی جانی چاہیے اور جو لوگ ان الزامات میں پہلے سے جیل میں ہیں وہ راحت کے لیے عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ مرکز نے ریاستی حکومتوں کو ایک ایڈوائزری جاری کرنے کی تجویز پیش کی ہے کہ صرف سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے عہدے کا افسر ہی بغاوت کی دفعات سے متعلق مقدمات درج کرے۔
سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اس تجویز پر کہ آیا مستقبل میں بغاوت کے الزامات میں ایف آئی آر ایس پی یا اس سے اوپر کے رینک کے پولیس افسر کے ذریعہ درج کی جائے یا نہیں اس پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غداری کے قانون کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی اس نوعیت کے زیر التوا مقدمات کا جائزہ لیا جا سکے گا اور عدالتیں آئی پی سی کی دفعہ 124-اے کے تحت ضمانت کی درخواستوں پر تیزی سے فیصلہ کر سکیں گی۔