مکہ المکرمہ: تبدیلیٔ غلاف کعبہ کا پُرنور عمل رواں برس یکم محرم کو کیا جانا ہے جس کے لیے مسجد الحرام میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ حج اور عمرہ نے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس سے پہلے ہر سال تقریب تبدیلیٔ غلاف کعبہ 9 ذی الحج کو منعقد کی جاتی تھی۔
اس روح پرور تقریب میں 200 سے زائد ماہرین اور تربیت یافتہ کارکنان حصہ لیں گے جن میں کلید بردار کعبہ، منتظمین، سعودی حکام اور غلاف ساز کسوہ فیکٹری کے ذمہ دار بھی شامل ہیں۔
غلاف کعبہ کو کسوہ کہتے ہیں جس کی تبدیلی کا عمل ہر سال حج کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ یہ مجموعی طور پر 16 ٹکڑوں پرمشتمل ہوتا ہے، اس کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔
آج ذی الحج کے آخری جمعے کے موقع پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں دنیا بھر سے آئے دو لاکھ سے زائد نمازی موجود تھے جس کے بعد بیرون ملک سے آنے والے جاجیوں کی اپنے اپنے ملک واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اس سال بیرون ملک سے 7 لاکھ سے زائد حاجی سعودی عرب آئے تھے جن میں سے ابھی ایک لاکھ کی واپسی رہ گئی ہے جو آج مکمل ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہر سال 6 ذی الحج کو ہوتی تھی تاہم اس سال تاریخ تبدیل کردی گئی اور نئی تاریخ یکم محرم رکھی گئی تھی۔